جمعرات 9 جولائی 2026 - 18:27
عراق میں رہبرِ شہید کے جنازے میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت

حوزہ/ نجف اشرف و کربلائے معلیٰ میں رہبرِ شہید انقلاب کی تاریخی تشییع جنازہ میں عراقی حکام کے مطابق ایک کروڑ سے زائد افراد شریک رہے اور تقریب کسی بھی سکیورٹی واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تشییعِ رہبرِ شہید آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے لئے عراق کی اعلی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق نجف اشرف اور کربلائے معلیٰ میں منعقدہ تشییع جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی، جبکہ یہ عظیم الشان تقریب کسی بھی سکیورٹی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوئی۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی (واع) کے مطابق شہید آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کی تشییع جنازہ کی منصوبہ بندی اور انتظامات کی ذمہ دار اعلیٰ کمیٹی نے جمعرات کے روز بتایا کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق نجف اشرف اور کربلائے معلیٰ میں منعقد ہونے والی تشییع میں ایک کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

عراقی وزیر اعظم کے دفتر کے سربراہ اور اعلیٰ کمیٹی کے چیئرمین احسان یاسین العوادی نے ایک بیان میں کہا کہ عالمِ اسلام اور دنیا بھر کے عوام نے گہرے رنج و غم کے ساتھ رہبرِ شہید انقلاب اسلامی کی تشییع جنازہ میں شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ذمہ داری سونپے جانے کے ابتدائی لمحات ہی سے کمیٹی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام، مقامی حکومتوں، عتبہ علویہ، عتبہ حسینیہ اور عتبہ عباسیہ کے ذمہ داران، مشترکہ آپریشنز کمانڈ، سکیورٹی اور خدماتی اداروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل اجلاس منعقد کرکے جامع منصوبہ بندی کی۔

العوادی کے مطابق اس منصوبے میں خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل، زائرین کے ہجوم کے انتظام کے لیے مختلف حکمت عملیوں کی تیاری، عزاداروں اور شرکائے تشییع کی نقل و حرکت کی تنظیم، راستوں کی سکیورٹی، ضروری سہولیات کی فراہمی اور تمام انتظامی و سکیورٹی اداروں کو مکمل الرٹ رکھنے جیسے اقدامات شامل تھے۔ اس کے علاوہ انجمنوں اور ہزاروں رضاکاروں نے بھی ان انتظامات میں بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ نجف اشرف اور کربلا معلیٰ میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں افراد کی موجودگی کے باوجود تمام منصوبے کامیابی کے ساتھ نافذ کیے گئے اور پروگرام مکمل نظم و ضبط کے ساتھ کسی بھی قابلِ ذکر سکیورٹی واقعے کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔ ان کے بقول یہ کامیابی مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی، عوامی تعاون اور سکیورٹی و انتظامی اہلکاروں کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے۔

کمیٹی کے سربراہ نے مزید بتایا کہ شہید آیت اللہ خامنہ ایؒ اور ان کے چار شہید اہلِ خانہ کے جنازے جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے نجف اشرف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر مشہد روانہ کر دیے گئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha